خانیوال ( پنجاب پوسٹ ) خانیوال کے نواحی علاقے کچا کھوہ کے گاؤں 135/16 ایل میں ایک ذہنی معذور شخص پر مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک ذہنی معذور شخص کے دونوں ہاتھ باندھ کر اسے گاؤں کی گلیوں میں گھمایا گیا اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں چند افراد مذکورہ شخص پر تشدد کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم اس واقعے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص ذہنی معذوری کا شکار ہے، جبکہ واقعے کی حقیقت اور پس منظر جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔ تاحال پولیس کی جانب سے واقعے کے حوالے سے کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد شہریوں اور سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، واقعے کی شفاف تحقیقات کرانے اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ذہنی معذور افراد کے ساتھ اس قسم کا غیر انسانی سلوک نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔














