لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور کے علاقے شاہدرہ، سگیاں آبادی، کلر نواز میں گزشتہ پندرہ روز سے بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ نیا ٹرانسفارمر نہ لگائے جانے پر سینکڑوں شہری ایس ای نادرن سرکل کے دفتر کے باہر لیسکو کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ آٹھ سے دس سال سے وہ بار بار اسی اذیت کا شکار ہیں، مگر متعلقہ انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
شاہدرہ کی سگیاں آبادی، کلر نواز میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث گزشتہ پندرہ دن سے بجلی مکمل طور پر بند ہے۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کے باعث بچے، بزرگ، خواتین اور بیمار افراد شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شہریوں نے ایس ای نادرن سرکل کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے لیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ کوئی نیا نہیں بلکہ گزشتہ آٹھ سے دس سال سے بار بار ٹرانسفارمر خراب ہونے اور بروقت تبدیلی نہ ہونے کی وجہ سے پوری آبادی عذاب میں مبتلا رہتی ہے۔ شہریوں کے مطابق متعدد شکایات اور درخواستوں کے باوجود مستقل حل فراہم نہیں کیا جا رہا۔شاہدرہ کی سگیاں آبادی کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، لیسکو حکام اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور علاقے میں بلا تاخیر نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ہزاروں شہریوں کو درپیش اس سنگین مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔














