اوکاڑہ ( پنجاب پوسٹ ) موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، موسم کی درست پیش گوئی، سائنسی تحقیق اور قدرتی آفات سے قبل تیاری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ یونیورسٹی آف اوکاڑہ، پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) اور ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ماڈرنائزیشن آف ہائیڈرومیٹ سروسز آف پاکستان (MHSP) منصوبے کے تحت یونیورسٹی کیمپس میں آٹومیٹک ویدر اسٹیشن (AWS) کی تنصیب کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔
اس سلسلے میں ورلڈ بینک کے انوائرمنٹ اینڈ سوشل سیف گارڈز کنسلٹنٹ حسن شفیق، ہائیڈرولوجی کنسلٹنٹ ڈاکٹر ایم یاسر، پاکستان محکمہ موسمیات کے ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر لاہور کے ڈائریکٹر عبدالعزیز، میٹرولوجسٹ ساجد حسین اور سماجی رہنما حافظ مسعود احمد پر مشتمل وفد نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کا دورہ کیا، جہاں منصوبے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
وفد کا استقبال وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کیا۔ اس موقع پر وفد نے مجوزہ مقام کا تفصیلی تکنیکی جائزہ لیا، آٹومیٹک ویدر اسٹیشن کی تنصیب کے لیے حتمی جگہ کا انتخاب کیا اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے بعد یونیورسٹی آف اوکاڑہ قومی سطح کے اس منصوبے کے تحت آٹومیٹک ویدر اسٹیشن کی تنصیب کے لیے باقاعدہ منتخب ادارہ بن گئی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کہا کہ یونیورسٹی میں آٹومیٹک ویدر اسٹیشن کی تنصیب موسمیاتی تحقیق، ماحولیاتی تحفظ اور علمی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان محکمہ موسمیات اور ورلڈ بینک کے ساتھ یہ شراکت داری طلبہ اور محققین کو حقیقی وقت میں موسمیاتی ڈیٹا تک رسائی فراہم کرے گی، جس سے معیاری تحقیق، عملی تربیت اور مؤثر فیصلہ سازی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی پائیدار ترقی، موسمیاتی موافقت اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی سے متعلق قومی اقدامات میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
منصوبے کے تحت نصب ہونے والا آٹومیٹک ویدر اسٹیشن چوبیس گھنٹے درجہ حرارت، ہوا میں نمی، بارش، فضائی دباؤ، ہوا کی رفتار اور سمت، شمسی شعاعوں سمیت مختلف موسمیاتی عوامل کا حقیقی وقت میں ڈیٹا ریکارڈ کرے گا۔ یہ معلومات موسم کی زیادہ درست پیش گوئی، موسمیاتی نگرانی، ہائیڈرولوجیکل تحقیق، قدرتی آفات سے قبل تیاری اور قومی موسمیاتی مشاہداتی نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
حکام کے مطابق یہ جدید سہولت طلبہ اور محققین کے لیے ایک اہم تحقیقی وسیلہ ہوگی، جہاں انہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اسمارٹ فون ایپلی کیشنز کے ذریعے اعلیٰ معیار کے موسمیاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس اقدام سے محکمہ موسمیات، ماحولیاتی علوم، زراعت، ہائیڈرولوجی، جغرافیہ اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تحقیق کو فروغ ملے گا، جبکہ طلبہ کو موسمیاتی ڈیٹا کے تجزیے، موسم کی پیش گوئی اور کلائمیٹ ماڈلنگ کی عملی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد، چیئرمین شعبہ قانون ڈاکٹر حمید مختار، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شرجیل احمد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔













