لاہور( پنجاب پوسٹ) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے پاکستان میں آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے گورنر ہاؤس لاہور میں الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاک-آذربائیجان دوطرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور دیرینہ دوستی پر استوار ہیں۔ انہوں نے تجارت، توانائی، تعلیم، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ملنے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ملاقات میں سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر برائے سپیکر اسامہ خاور، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی، ملک تیمور اور ملک علی بھی موجود تھے۔














