پنجاب میں ٹیکس کلچر کیسے فروغ پا رہا ہے، کاروباری طبقہ پنجاب ریونیو اتھارٹی پر کیسے اعتماد کر رہی؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں ٹیکس کلچر کے فروغ، کاروباری طبقے کے اعتماد میں اضافے اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے مختلف شعبہ ہائے کاروبار سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا سے ڈرائی کلینرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔


ملاقات کے دوران وفد نے ڈرائی کلیننگ انڈسٹری کو درپیش ٹیکس اور کاروباری مسائل سے آگاہ کیا، جبکہ مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری سہولتوں سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔


چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے اس موقع پر کہا کہ رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام کو مزید آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لیے صنعتوں اور کاروباری برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔


انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے درمیان مسلسل رابطے سے غلط فہمیوں اور مسائل میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ عوام سے وصول کیے گئے ٹیکسز میں خردبرد حکومتی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، جس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


وفد کے ارکان نے چیئرمین پی آر اے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ غیر رجسٹرڈ افراد کی جلد رجسٹریشن یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ وفد نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے، کاروباری برادری کی آراء سننے اور بامعنی مشاورت پر چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے