لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 7 سے 11 اگست تک "نیشنل مائنارٹی ویک” منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مختلف تقریبات، ریلیاں، سیمینارز، طبی کیمپس اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ مائنارٹیز افیئرز ڈاکٹر عثمان علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل مائنارٹی ویک کی تقریبات کے انتظامات اور شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل مائنارٹی ویک کا باقاعدہ آغاز 7 اگست کو لاہور میں بین المذاہب ریلی سے ہوگا، جس میں مختلف مذاہب کے مذہبی رہنما، نوجوان، سول سوسائٹی کے نمائندے، اراکین اسمبلی اور سرکاری حکام شرکت کریں گے۔ ریلی کے شرکاء لاہور کے اہم مذہبی مقامات کا دورہ بھی کریں گے تاکہ بین المذاہب احترام اور ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دیا جا سکے۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ 8 اگست کو پنجاب یونیورسٹی میں تقریری اور سنیماٹوگرافی کے مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں لاکھوں روپے مالیت کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ 9 اگست کو والڈ سٹی اتھارٹی کے تعاون سے "فوٹو واک اینڈ ہسٹری بائے نائٹ” پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے ذریعے لاہور کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 11 اگست کو یوحنا آباد اور بہار کالونی میں مفت میڈیکل، غذائی معاونت اور نادرا رجسٹریشن کیمپس قائم کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو مفت ادویات، تشخیصی ٹیسٹ، خواتین اور بچوں کا طبی معائنہ جبکہ نادرا کی موبائل رجسٹریشن سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
اسی روز ایکسپو سینٹر لاہور میں قومی یومِ اقلیت کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جہاں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا عزم دہرایا جائے گا۔ تقریب کے دوران "سفیر پروگرام” کا آغاز، اقلیتی برادری میں امدادی چیکس کی تقسیم، انسانی حقوق ایوارڈز اور یادگاری سووینئرز بھی پیش کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ نیشنل مائنارٹی ویک کا مقصد تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان احترام، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور نیشنل مائنارٹی ویک اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔













