مریم نواز سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر ، سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز نے 2500 کھلاڑیوں کو کیسے تربیت دی؟

لاہور( پنجاب پوسٹ ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت مریم نواز سپورٹس سٹی منصوبے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر ہونے والی پیشرفت، آئندہ مراحل اور مختلف تکنیکی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) سپورٹس کے افسران اور انجینئرنگ کنسلٹنسی سروسز پنجاب کے وفد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ایم یو سپورٹس کے حکام نے مریم نواز سپورٹس سٹی منصوبے پر ہونے والی پیشرفت، مجوزہ ڈیزائن، سہولیات اور تعمیراتی مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز سپورٹس سٹی ملک کی تاریخ کا پہلا جدید اور ہمہ جہت سپورٹس سٹی ہوگا، جہاں قومی اور بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس کے تحت عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین تربیتی اور مقابلہ جاتی ماحول میسر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور مختلف شہروں میں عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔

محمد طارق قریشی نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس اکیڈیمیز میں اس وقت ڈھائی ہزار سے زائد کھلاڑیوں کو مختلف کھیلوں میں مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اکیڈیمیز کے ذریعے نئے اور باصلاحیت کھلاڑی ابھر رہے ہیں، جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے