لاہور ( پنجاب پوسٹ ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب نے بچوں اور خواتین کے خلاف آن لائن جنسی استحصال، ہراسانی اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور اور ملتان میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور میں کارروائی کے دوران ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر بچوں اور جانوروں کے جنسی استحصال پر مبنی غیر قانونی ویڈیوز آن لائن فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ ایک اور کارروائی میں کمسن متاثرہ فرد کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر ملتان میں این سی سی آئی اے نے دو الگ کارروائیوں کے دوران خواتین کو ان کی نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے والے دو مزید ملزمان کو گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق ایک ملزم کے قبضے سے متاثرہ خاتون کا قابلِ اعتراض ڈیجیٹل مواد اور موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کو فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے تاکہ جرائم کے نیٹ ورک، متاثرین اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے کہا ہے کہ بچوں اور خواتین کے خلاف آن لائن جنسی استحصال، ہراسانی اور بلیک میلنگ جیسے جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، انہیں محفوظ انٹرنیٹ استعمال کرنے سے متعلق آگاہی دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا آن لائن بلیک میلنگ کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔














