اسلام آباد ( پنجاب پوسٹ ) پاکستان ریلوے پولیس کے کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کے سروس اسٹرکچر میں اہم بہتری کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت ان کے پے اسکیلز دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مساوی کر دیے گئے ہیں۔
منظوری کے مطابق کانسٹیبل کا پے اسکیل بی پی ایس 5 سے بڑھا کر 7، ہیڈ کانسٹیبل کا 7 سے 9 جبکہ اے ایس آئی کا 9 سے 11 کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے ریلوے پولیس کے اہلکاروں کے مورال اور پیشہ ورانہ کارکردگی میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سرائے مغل میں کم سن بچی کیساتھ زیادتی کی کوشش بچوں نے کیسے ناکام بنائی؟
ریلوے پولیس نے اس پیش رفت کو فورس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی کوششوں پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی وزیر کی ہدایت پر ریلوے پولیس میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی گئیں، جس سے فورس کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہوا۔
آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ پے اسکیلز کی اپ گریڈیشن سے افسران اور جوانوں کا حوصلہ مزید بلند ہوگا اور وہ ملک بھر میں مسافروں کے جان و مال کے تحفظ، ریلوے تنصیبات کی سیکیورٹی اور عوامی خدمت کے فرائض مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں گے۔














