سرائے مغل (پنجاب پوسٹ) نواحی علاقے کوٹ عمر دین ہلہ میں سات سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش بچوں کی بروقت اطلاع پر ناکام بنا دی گئی۔ تھانہ سرائے مغل پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ بچی گلی میں پڑوسی بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ اسی دوران پڑوسی احسان مبینہ طور پر اسے بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا اور اندر سے دروازہ بند کر لیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ایک بچی نے متاثرہ بچی کی والدہ کو اطلاع دی کہ احسان اسے اپنے گھر لے گیا ہے، جس پر وہ فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور دروازہ کھلوانے کی کوشش کی۔ والدہ کے مسلسل دروازہ کھٹکھٹانے پر ملزم نے دروازہ کھولا تو بچی برہنہ حالت میں کھڑی تھی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے بچی سے زنا بالجبر کی کوشش کے لیے اس کی شلوار اتار رکھی تھی، تاہم بچوں کی بروقت اطلاع اور والدہ کی فوری مداخلت کے باعث مبینہ واقعہ مکمل نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔













