لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر اشتہاری مجرمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران انویسٹی گیشن پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی انچارج انویسٹی گیشن تھانہ رائیونڈ جمشید عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر انجام دی، جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار اشتہاری مجرم چند ماہ قبل 25 سالہ نور فاطمہ پر معمولی رنجش کی بنا پر حملہ آور ہوا تھا اور اس کے سر پر لوہے کے راڈ سے وار کرکے شدید زخمی کر دیا تھا۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کئی روز تک زیر علاج رہیں، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں، جس کے بعد مقدمہ قتل میں تبدیل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا اور مسلسل روپوش رہتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ انویسٹی گیشن پولیس نے جدید تفتیشی حکمت عملی، ہیومن انٹیلیجنس اور مسلسل نگرانی کے ذریعے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔ایس پی انویسٹی گیشن صدر عبداللہ عمران چیمہ نے بتایا کہ گرفتار اشتہاری مجرم کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے اور اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے باہمی تعاون سے مضبوط شواہد کی بنیاد پر ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے ملزمان کو قانون کے مطابق سخت انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔













