لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈولفن اسکواڈ نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر چیکنگ کے ذریعے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ایک اے کیٹیگری اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم گزشتہ ایک سال سے تھانہ کاہنہ پولیس کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق موبائلز اسکواڈ نے ناکہ گلویرہ پر معمول کی چیکنگ کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو روک کر اس کی شناخت کی جانچ پڑتال کی۔ مشکوک حرکات کے باعث اہلکاروں نے ای پولیس ایپ کے ذریعے ملزم کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا، جس پر معلوم ہوا کہ وہ اے کیٹیگری کا اشتہاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب، سڑکوں پر قانون شکنی، 11لاکھ 41 ہزار چالان، 1 لاکھ 15 ہزار گاڑیاں بند
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی، جو اغوا کے بعد زیادتی کے سنگین مقدمے میں گزشتہ ایک سال سے تھانہ کاہنہ پولیس کو مطلوب تھا۔ تصدیق کے بعد ڈولفن اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ کاہنہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے کے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ موبائلز اسکواڈ جدید ای پولیس ایپ کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کی شناخت کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے سینکڑوں اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔













