پنجاب، سڑکوں پر قانون شکنی، 11لاکھ 41 ہزار چالان، 1 لاکھ 15 ہزار گاڑیاں بند

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ٹریفک پولیس نے صوبہ بھر میں خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے لاہور سمیت تمام اضلاع میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ سڑکیں ہی محفوظ پنجاب کی ضمانت ہیں۔


ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق گزشتہ ماہ صوبہ بھر میں 11 لاکھ 41 ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جن پر مختلف نوعیت کی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کی گئیں، جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق بغیر سیٹ بیلٹ گاڑی چلانے پر 42 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کیے گئے، جبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والے 50 ہزار سے زائد افراد کے چالان کیے گئے۔ اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی جیسے خطرناک عمل پر 59 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق پبلک سروس گاڑیوں میں اوورلوڈنگ اور گنجائش سے زیادہ سامان یا مسافروں کو بٹھانے پر ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے 75 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی تاکہ حادثات کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔


ٹریفک پولیس نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی 2 ہزار 100 سے زائد گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے، جبکہ غیر نمونہ یا فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی 8 ہزار 500 سے زائد گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔مزید برآں، لین لائن کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 41 ہزار سے زائد ڈرائیورز کو جرمانے کیے گئے، جبکہ دیگر مختلف سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانا اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا اور سخت قانون کے نفاذ کے باعث ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی ذمہ داری سمجھیں، کیونکہ محفوظ سفر اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے