لاہور(پنجاب پوسٹ)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کی، جبکہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران، ملازمین اور دیگر شرکاء نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
یہ ریلی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سے شروع ہو کر قذافی اسٹیڈیم تک نکالی گئی۔ ریلی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، یاسمین اختر، زرینہ وقار سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے حق میں نعرے لگائے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔
اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور کشمیری عوام کا مسلسل استحصال کر رہا ہے، جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان کی جدوجہد کو دنیا نظرانداز نہیں کر سکتی۔
ریلی کے شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان” اور کشمیری عوام کی حمایت میں بھرپور نعرے لگائے، جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی عوام ہر سطح پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول تک پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔












