قصور(پنجاب پوسٹ)گھریلو ناچاقی نے ایک افسوسناک رخ اختیار کر لیا، جہاں بیوی کی ناراضگی سے دل برداشتہ شوہر نے مبینہ طور پر سسرال کے گھر کے باہر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ واقعے میں شدید جھلسنے والے شخص کو تشویشناک حالت کے باعث لاہور منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ قصور کے تھانہ مصطفیٰ آباد کی حدود میں پیش آیا۔ 35 سالہ شہباز کی بیوی گھریلو ناراضگی کے باعث اپنے میکے چلی گئی تھی۔ اہلِ خانہ کے مطابق شہباز اپنی اہلیہ کو واپس گھر لانے اور اختلافات ختم کرنے کی غرض سے سسرال پہنچا، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود وہ اسے منانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں:خان پور میں غیرت کے نام پر قتل، پنجاب کا ہائی پروفائل کیس کیوں ڈکلئیر کیا گیا؟
ذرائع کے مطابق بیوی کے انکار کے بعد شہباز شدید مایوسی کا شکار ہو گیا اور مبینہ طور پر سسرال کے گھر کے سامنے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ اچانک پیش آنے والے اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہلِ علاقہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو اہلکاروں نے شدید جھلسنے والے شہباز کو فوری طور پر بلھے شاہ ہسپتال قصور منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ طبی ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے اس کے جسم کا بڑا حصہ جھلس گیا، جس کے باعث حالت تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسے مزید علاج کے لیے لاہور کے برن یونٹ ریفر کر دیا گیا۔
اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔













