رحیم یار خان ( پنجاب پوسٹ ) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے خان پور میں غیرت کے نام پر بیوی کے بہیمانہ قتل کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کیس کو ہائی پروفائل قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مقدمے کے تفتیشی افسر کو آج ہی مکمل ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے تاکہ کیس کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے اور قانونی کارروائی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا اور خواتین کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور غیرت کے نام پر قتل جیسے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت اس کیس کی خود نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شفاف اور تیز رفتار قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
عرفان صادق تارڑ کا کہنا تھا کہ قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ متاثرہ خاندان کو بروقت اور مکمل انصاف فراہم ہو۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کیس کی تفتیش میرٹ، شواہد اور قانون کے مطابق مکمل کی جائے تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔











