لاہور (پنجاب پوسٹ) قصور 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے قصور میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی ڈی سی آفس سے شروع ہو کر کشمیر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں ریونیو اسٹاف، ریسکیو 1122، طلبہ، امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیر کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
کشمیر چوک پہنچ کر شرکاء نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی، جبکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ریلی کا مقصد عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف متوجہ کرنا ہے۔
سید ایوب بخاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے منطقی انجام تک پہنچنے تک یہ حمایت جاری رہے گی۔












