لاہور(پنجاب پوسٹ) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی کی جانب سے 8 اگست کو دی گئی ہڑتال کی کال کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا لاہور سمیت پنجاب بھر کے عہدیداران کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس صدر نبیل محمود کی زیر صدارت ہو رہا ہے، جس میں ہڑتال میں شامل ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی جا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران گڈز ٹرانسپورٹرز نے کراچی کی تنظیم کی جانب سے یکطرفہ ہڑتال کے اعلان پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی کے مطالبات کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ فیصلہ کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ اجلاس میں 8 اگست کی ہڑتال میں شمولیت یا عدم شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی اکثریت ہڑتال میں شامل ہونے کی حامی دکھائی دیتی ہے، تاہم حتمی اعلان اجلاس کے اختتام پر کیا جائے گا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے لاہور سمیت پنجاب بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز اپنے فیصلے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔











