لاہور(پنجاب پوسٹ) قلعہ گجر سنگھ پولیس نے انڈونیشین شہری ڈیوی سوڈی آرسو (DWI SUDIARSO) کا چوری شدہ موبائل فون صرف دو گھنٹوں میں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ غیر ملکی سیاح نے پولیس کی فوری کارروائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق انڈونیشین شہری کا موبائل فون ایک نجی ریسٹورنٹ سے چوری ہوا تھا۔ شکایت موصول ہوتے ہی قلعہ گجر سنگھ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:جعلی پولیس اہکار کی شہریوں سے رقم ہتھیانے کی کوشش نوسرباز گرفتار
پولیس نے ریسٹورنٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی، جس کے بعد اسے کیلوریز گراؤنڈ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 80 ہزار روپے مالیت کا چوری شدہ موبائل فون برآمد کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کاشف ریسٹورنٹ میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا اور اس نے وردی کی آڑ میں یہ واردات کی۔
غیر ملکی سیاح کا اظہارِ تشکر
موبائل فون کی فوری برآمدگی پر ڈیوی سوڈی آرسو نے پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے صرف دو گھنٹوں میں ان کا موبائل تلاش کرکے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی ذمہ داری، محنت اور حسنِ اخلاق ان کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔انڈونیشین سیاح نے پولیس اہلکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے "پنجاب پولیس زندہ باد، پاکستان زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا مؤقف
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ سیاحوں کا اعتماد اور اطمینان پولیس کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ہو یا غیر ملکی مہمان، ہر ایک کی داد رسی پولیس کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔









