لاہور(پنجاب پوسٹ)یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم تھے، جبکہ جی او سی 10 ڈویژن میجر جنرل عاطف بشیر نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس اور پاک فوج کے افسران، شہداء کے اہلخانہ، سینئر صحافیوں اور دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید سمیت لاہور پولیس کے اعلیٰ افسران اور اہلکار موجود تھے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سینئر صحافیوں اور تجزیہ نگاروں نے بھی تقریب میں شرکت کر کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے شہداء پولیس کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی عزت، سہولت اور فلاح پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔تقریب کے دوران شہداء پولیس کے اہلخانہ اور بچوں نے اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار کیا، جبکہ پولیس اور پاک فوج کے افسران نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو ملک و قوم کے لیے سرمایہ قرار دیا۔ اس موقع پر شہداء کے اہلخانہ کو اعزازی میڈلز سے نوازا گیا اور بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پولیس فورس اور افواجِ پاکستان ملک و قوم کے دفاع میں فرنٹ لائن پر سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھکر اور ڈی جی خان کی چیک پوسٹوں پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی بزدلانہ کارروائیوں کے باوجود پنجاب پولیس کا مورال پہلے سے زیادہ بلند ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس اندرونی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، جبکہ پنجاب پولیس کی انتھک محنت کے باعث صوبے میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قربانیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ شہداء پولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر کے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے گی تاکہ ان خاندانوں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جا سکے جنہوں نے وطن کی خاطر عظیم قربانیاں دیں۔












