پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا، سید ایوب بخاری

قصور(پنجاب پوسٹ)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع قصور میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، بھارتی مظالم کی مذمت اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانا تھا۔ ریلی میں مختلف سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں، امن کمیٹی، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


ریلی کا آغاز ڈی سی آفس قصور سے ہوا اور مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی کشمیر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ریونیو اسٹاف، ریسکیو 1122، طلبہ، امن کمیٹی کے ارکان، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے پرچموں کے ساتھ ساتھ آزادیٔ کشمیر، حقِ خودارادیت اور بھارتی مظالم کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

کشمیر چوک پہنچنے پر ریلی کے شرکاء نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ بعد ازاں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام، شہداء اور آزادیٔ کشمیر کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ ہیں، جنہیں عالمی برادری کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔


سید ایوب بخاری نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل تائید کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر پر نکالی جانے والی ریلی کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہے اور مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہے گا۔


انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی منطقی انجام تک پہنچنے تک پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی، جبکہ عالمی برادری پر بھی لازم ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے