لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے زیر انتظام ہوم ڈیپارٹمنٹ میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر اور دیگر محکموں کی آسامیوں کے لیے تحریری امتحانات کا دو روزہ سلسلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ امتحانات لاہور سمیت پنجاب کی سات ڈویژنز میں منعقد کیے گئے، جن میں صوبے بھر سے 25 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔
چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالعزیز کی ہدایات پر امتحانی مراکز کی خصوصی مانیٹرنگ کی گئی۔ اس مقصد کے لیے کمیشن کے ممبران نے مختلف ڈویژنز میں قائم مراکز کے دورے کیے اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ممبر پی پی ایس سی محمد حسن اقبال نے جوہر ٹاؤن لاہور میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا، جبکہ سیکریٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن اور ممبر پی پی ایس سی خالد سلیم نے فیصل آباد کے مراکز کا دورہ کیا۔ ممبر محمد احسن وحید نے سرگودھا، میجر جنرل (ر) کامران خورشید نے راولپنڈی، محمد صدیق شیخ نے بہاولپور، میاں ابرار احمد نے ڈیرہ غازی خان اور ڈاکٹر ارشاد احمد نے ملتان میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ممبران نے امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ گرمی کے موسم کے پیش نظر پینے کے لیے ٹھنڈے پانی کی سہولت کو یقینی بنایا گیا، جبکہ تمام سنٹرز پر ریسکیو اہلکاروں کی موجودگی بھی یقینی بنائی گئی۔ امتحانی مراکز میں موبائل فون سگنل جیمرز کو بھی چیک کیا گیا تاکہ امتحان کی شفافیت برقرار رہے۔
کمیشن کی جانب سے وقت کی پابندی پر سختی سے عمل کیا گیا اور تاخیر سے آنے والے امیدواروں کو امتحان میں بیٹھنے کی ہرگز اجازت نہیں دی گئی۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ڈائریکٹرز نے ممبران کو امتحانی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جانب سے بہترین انتظامات کیے گئے۔









