قصور ( پنجاب پوسٹ ) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع قصور میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز ڈی سی آفس سے ہوا اور کشمیر چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ، ریونیو اسٹاف، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، طلبہ، امن کمیٹی کے اراکین، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی، حقِ خودارادیت اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران "کشمیر بنے گا پاکستان” اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔
کشمیر چوک پہنچنے پر شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی، جبکہ مقبوضہ وادی کے مظلوم عوام کی آزادی، سلامتی اور دیرپا امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن تھا، جب بھارت نے یکطرفہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس غیرقانونی اقدام کو کشمیری عوام نے کبھی تسلیم نہیں کیا اور آج بھی وہ اپنے بنیادی حق، یعنی حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
سید ایوب بخاری نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا آیا ہے اور یہ حمایت آئندہ بھی ہر سطح پر جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ظلم و جبر اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی جانب مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھی جائے گی۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھی جائے گی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔














