وزیراعلیٰ مریم نواز کا بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن پر پیغام: بروقت تشخیص زندگی بچانے کی ضمانت، لاہور میں سب سے بڑا کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے

لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کینسر سے متعلق آگاہی اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کی ہدایت پر صوبے کے ہر ہسپتال میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کینسر کے خلاف آگاہی، احتیاط اور بروقت طبی معائنہ زندگی بچانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر ایک قابل علاج مرض ہے اور بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں ہر قسم کے کینسر کا علاج یقینی بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق اس ہسپتال میں ہر سٹیج کے بریسٹ کینسر سمیت مختلف اقسام کے کینسر کا علاج کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال میں کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے جدید مشینری اور ادویات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کینسر پر تحقیق کے لیے جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔ مریضوں کو علاج کے دوران نفسیاتی اور جذباتی معاونت فراہم کرنے کے لیے سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ بھی بنایا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا علاج کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے پنجاب بھر میں لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز ڈیٹا کلیکشن کر کے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ جسمانی طور پر کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت طبی معائنہ کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص کی ترغیب دینا مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب میں خواتین کو کینسر کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے