لاہور (پنجاب پوسٹ) لیسکو گرین ٹاؤن سب ڈویژن میں ریکوری ٹیم پر مسلح افراد کا دھاوا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ملزم پستول سمیت گرفتار ہو گیا۔ایس ای سنٹرل سرکل ثناء محمد اور ایکسین ٹاؤن شپ نعیم احمد جمالی کی جانب سے واقعے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ریکوری ٹیم نے نادہندہ صارف دل نواز کو ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے پکڑا اور موقع پر ویڈیو بنائی گئی۔ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی چوری اور نادہندگی پر کنکشن منقطع کیا گیا، صارف دل نواز بھائی سمیر کے ہمراہ لیسکو دفتر پہنچ گیا۔
دونوں بھائیوں نے عملے سے گالم گلوچ کی، ملازمین اور دفتر میں موجود عوام کو اسلحہ دکھا کر ہراساں کیا۔مسلح ملزمان نے ڈی سی او انچارج زاہد کو جان سے مارنے کی کوشش کی۔موقع پر موجود افراد اور لیسکو ملازمین نے ایک ملزم کو قابو کرلیا، پولیس کو 15 پر اطلاع دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں بجلی چوری اور اوور بلنگ کیلئے لیسکو کیا اقدامات کر رہا ہے ؟
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے پسٹل بھی برآمد کرلیا گیا۔ملزمان کے خلاف مقدمہ کے لیے متعلقہ تھانے میں درخواست دے دی، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ سرکاری فرائض میں رکاوٹ، مزاحمت اور ملازمین پر تشدد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔










