قصور(پنجاب پوسٹ)پاکستان پولیس کے بہادر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع قصور میں یومِ شہدائے پولیس نہایت احترام، جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف مقامات پر شمعیں روشن کی گئیں، جہاں پولیس افسران، سول سوسائٹی، تاجروں، صحافیوں اور شہریوں نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
ریلوے اسٹیشن چوک قصور میں منعقدہ مرکزی شمع بردار تقریب کی قیادت ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کی۔ تقریب میں ڈی ایس پی سٹی، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، امن کمیٹی کے اراکین، تاجروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء پولیس کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
اس موقع پر ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کہا کہ قصور پولیس کے 35 بہادر سپوتوں نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ پہلے بھی کھڑی تھی، آج بھی ان کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ڈی پی او نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ان ہیروز کو کبھی نہیں بھولتیں جو آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اپنے لہو سے قوم کی تاریخ رقم کرتے ہیں اور قصور پولیس کی تاریخ بھی ان روشن ستاروں کی قربانیوں سے ہمیشہ تابندہ و جاوید رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں امن و امان اور شہریوں کا محفوظ مستقبل انہی عظیم شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام خاندان، جنہوں نے اپنے پیاروں کو وطن اور عوام کی خاطر قربان کیا، پوری قوم کے محسن ہیں اور قوم ان کے احسانات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
یومِ شہدائے پولیس کے سلسلے میں چونیاں اور پتوکی میں بھی شمع بردار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈی ایس پی چونیاں اور ڈی ایس پی پتوکی نے سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ہمراہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تاجروں، صحافیوں، امن کمیٹی کے اراکین اور شہریوں نے بھی پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر شمعیں روشن کیں اور شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔













