لاہور( پنجاب پوسٹ ) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر الحمراء ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس سے وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے خطاب کیا۔ تقریب میں کشمیری رہنما انجینئر مشتاق، محمود احمد ساغر، زاہد مجتبیٰ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ اگست کا مہینہ پاکستانیوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، جس کے اثرات آج بھی کشمیری عوام بھگت رہے ہیں۔
بلال یاسین نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور کشمیری بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت تنازعات میں مسئلہ جموں و کشمیر آج بھی بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور نوجوان نسل کو اس مسئلے کی تاریخی اور قانونی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنماؤں نے کہا کہ بھارت برسوں سے کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان تعلقات کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم کشمیری عوام کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان سے ان کی محبت میں کبھی کمی نہیں آئی۔
تقریب کے اختتام پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین، کشمیری رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے علامتی واک میں بھی شرکت کی۔













