نیدر لینڈز اور لاہور کے درمیان دوستی ہوگئی، پنجاب کے تاجر ڈچ کمپنیوں سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) نیدرلینڈز کے ناظم الامور ہاجو پرووو کلائٹ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں قائم مقام صدر تنویر احمد شیخ سے ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری اور نئے کاروباری مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان آمنہ رندھاوا، شیخ فیاض، کرامت علی اعوان، محسن بشیر اور ندیم انصاری بھی موجود تھے۔


قائم مقام صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، لیدر، آلاتِ جراحی اور کھیلوں کا سامان یورپی ممالک کو برآمد کر رہا ہے، تاہم پاکستانی مصنوعات کی نیدرلینڈز کی منڈیوں تک رسائی مزید آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔


نیدرلینڈز کے ناظم الامور ہاجو پرووو کلائٹ نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنے 48 ہزار سے زائد اراکین کی نمائندگی کرتا ہے اور کاروباری برادری تک مؤثر رسائی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ نیدرلینڈز کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیاں پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کامیاب کاروباری ماڈلز قائم کر سکتی ہیں، جبکہ پاکستانی مارکیٹ میں کامیابی کے لیے مضبوط مقامی شراکت داروں کا انتخاب ناگزیر ہے۔ ہاجو پرووو کلائٹ نے امید ظاہر کی کہ لاہور چیمبر کے ساتھ مسلسل رابطے اور باقاعدہ مکالمے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور نئے تجارتی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے