بیٹر کاٹن انیشیٹیو وفد کا صوبائی وزیر زراعت سے ملاقات، چشتیاں میں کپاس کاشت کے بہترین نتائج آرہے ہیں، بی سی آئی

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی سے بیٹر کاٹن انیشی ایٹو (بی سی آئی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں پنجاب میں کپاس کی معیاری پیداوار، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور زرعی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کپاس کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے اور کاشتکاروں کو جدید زرعی سہولیات فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں بی سی آئی کے چیف آپریٹنگ آفیسر لینا سٹیفگارڈ، کنٹری ڈائریکٹر پاکستان حنا فوزیہ اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرل زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد انجم علی بھی موجود تھے۔

وفد نے وزیر زراعت کو بی سی آئی پروگرام کے تحت ضلع چشتیاں میں کپاس کی اعلیٰ معیار کی پیداوار، جدید زرعی طریقوں اور کاشتکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ بی سی آئی پروگرام کے ذریعے حاصل ہونے والی کپاس پر کاشتکاروں کو پریمیم بھی دیا جا رہا ہے، جس سے انہیں بہتر مالی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔
وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کپاس کی پیداوار میں اضافے اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے متعدد عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی معیار کے مطابق کپاس کی پیداوار حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب اور بی سی آئی کے درمیان باہمی تعاون نہ صرف کپاس کی پیداوار کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ اس سے کاشتکاروں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
بی سی آئی کے وفد نے حکومت پنجاب کی زرعی اصلاحات، کپاس کی پیداوار بڑھانے اور معیاری زرعی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں اور دونوں اداروں کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے