شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ) چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں جامع مسجد گلزارِ مدینہ میں "ذکر مالکاں دا” کے موضوع پر عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی سماجی و سیاسی شخصیات، علماء کرام، مشائخ عظام اور اہلِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا، جبکہ سرپرستی استاذالقراء صاحبزادہ قاری یاسر صادق نے کی۔
اس موقع پر حضرت مولانا علامہ عامر عمیر المدنی اور حضرت علامہ مولانا فیصل ندیم کیلانی نے اپنے خطابات میں کہا کہ آج کے پُرفتن دور میں باطل کے سامنے ثابت قدم رہنا، حق کا ساتھ دینا اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے جدوجہد کرنا ہی حقیقی حسینی کردار ہے، اور یہی عظیم سبق شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں سے ملتا ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکائے کانفرنس میں لنگرِ حسینی بھی تقسیم کیا گیا۔













