کبیر والا، ریسکیو اور ستھرا پنجاب کے ورکرز نے کشمیر کے جھنڈے کیوں اٹھا لئے؟

کبیروالا(پنجاب پوسٹ) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کبیروالا میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں سرکاری افسران، مختلف محکموں کے اہلکاروں، انجمنِ تاجران، ریسکیو 1122، نوجوانوں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر کبیروالا ہارون احمد شیراز نے کی، جبکہ شرکاء نے قومی پرچم اور کشمیر سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
ریلی چوک رحمت اللعالمین سے شروع ہوئی اور شہر موڑ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے لگائے اور بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات سمیت مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ ریلی کے دوران فضا پاکستان اور کشمیر کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی۔

اسسٹنٹ کمشنر ہارون احمد شیراز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جدوجہد آزادی میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
تقریب میں شریک مقررین نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر فورم پر ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے درمیان مضبوط رشتے کو اجاگر کرتے ہوئے اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کا مظاہرہ کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے