بارڈر پر کھڑے ہوکر لڑنے والوں کے علاوہ معاشرے میں دہشتگردوں کیخلاف لڑنے والا بھی ہمارا فخر ہیں، قائم مقام گورنر پنجاب

قصور(پنجاب پوسٹ)پنجاب پولیس کے یومِ شہداء کے موقع پر قصور میں منعقدہ مرکزی تقریب جذبۂ قربانی، قومی یکجہتی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک یادگار منظر بن گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب و اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پولیس شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں سے زندہ رہتی ہیں اور انہی کے خون سے امن، استحکام اور ترقی کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست پنجاب پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ پنجاب پولیس نے دہشت گردی، جرائم اور امن دشمن عناصر کے خلاف بے مثال قربانیاں دے کر ملک و قوم کے لیے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومیں کبھی زوال کا شکار نہیں ہوتیں جن کے شہداء اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کی آبیاری کرتے ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معاشرے میں امن قائم رکھنا، قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا اور سچ کے ساتھ کھڑے رہنا ہی اصل قومی جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر دشمن کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کی طرح ملک کے اندر دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور امن دشمن قوتوں کے خلاف لڑنے والے پولیس اہلکار بھی قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پولیس شہداء کی یاد میں "وال آف آنر” قائم کی جائے گی جو ڈی پی او آفس میں نصب کی جائے گی تاکہ آنے والی نسلیں اپنے ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھ سکیں۔
قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی خدمت کرنے والے افراد بھی قابلِ قدر ہیں اور وہ قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نفری اور وسائل کی کمی کے باوجود پنجاب پولیس جس جذبے اور پیشہ ورانہ انداز سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے بچوں کی پوسٹ گریجویشن تک تعلیم کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، جبکہ سرکاری ملازمتوں میں بھی شہداء کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے