یوم شہدائے پولیس، پنجاب کے 1743، لاہور کے 342 اور ٹریفک پولیس کے 6 سپوت مادر وطن پر قربان، سب کو عقیدت بھرا سلام، سید عبد الرحیم شیرازی

لاہور( پنجاب پوسٹ ) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 1743 جبکہ لاہور میں 342 پولیس اہلکار وطن کی خاطر شہادت کا عظیم رتبہ پا چکے ہیں، جن میں لاہور ٹریفک پولیس کے 6 سپوت بھی شامل ہیں۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ یومِ شہدائے پولیس تجدیدِ عہد کا دن ہے اور شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے جان قربان کرنے والے اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسی بہادر فورس کی قیادت پر فخر ہے جس نے ملک و قوم کی سربلندی کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہداء نے اپنا آج قوم کے روشن مستقبل پر قربان کیا، ان کی جرات و بہادری کی داستانیں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں اور بزدلانہ کارروائیاں پولیس کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے، جبکہ شہید احمد مبین کی قربانی نے محکمہ پولیس کے وقار میں اضافہ کیا۔ سی ٹی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عظیم قومیں اپنے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور شہداء کی قربانیوں سے پوری فورس کے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے