5 اگست کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی یاد دلاتا ہے، صوبائی وزیر لیبر محمد منشاء بٹ

لاہور(پنجاب پوسٹ) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صوبائی وزیر لیبر محمد منشاء اللہ بٹ نے کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔
صوبائی وزیر لیبر محمد منشاء اللہ بٹ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر صرف ایک دن نہیں بلکہ بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تلخ یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، کیونکہ ان فیصلوں نے نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی کھلی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ظلم، کرفیو، محاصرے، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبایا نہیں جا سکا۔ کشمیری عوام نے اپنی آزادی، شناخت اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کی یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑا ہے اور اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سطح پر ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد حق، امن، انصاف اور آزادی کی جدوجہد ہے، جسے کسی بھی طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے