یوم استحصال: کشمیری عوام کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، فتح حق اور انصاف کی ہوگی، وزیر مواصلات پنجاب

لاہور(پنجاب پوسٹ)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر بھارتی حملے کی سیاہ ترین یادگار ہے، جب بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ آزادی کے عزم کی یاد دلاتا ہے، جبکہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو کبھی دبا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں جاری پابندیاں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، اظہارِ رائے پر قدغن اور بے گناہ شہریوں پر مظالم عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، لیکن ان کے حوصلے آج بھی بلند ہیں اور وہ اپنے بنیادی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ثابت قدم ہیں۔

ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور حق، انصاف اور سچ کی فتح یقینی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ہر بین الاقوامی فورم پر ان کے مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے جائز حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے