اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری بننے کے لیے دو سالہ تجربہ اور دو تحقیقی مقالے لازمی، لاہور ہائیکورٹ نے بھرتیوں کے اہلیتی معیار پر بڑا فیصلہ سنا دیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کی بھرتیوں کے لیے جاری متنازعہ اشتہار کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے اشتہار میں متضاد اہلیتی شرائط کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ بھرتیوں کا عمل پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے 2025 کے ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے۔

جسٹس شیریں عمران نے ڈاکٹر سید شاہ رخ حسن رضوی سمیت 11 درخواست گزاروں کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کے عہدے کے لیے متعلقہ شعبے میں دو سالہ کلینیکل تجربہ اور دو تحقیقی مقالے لازمی ہیں۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ پنجاب حکومت کے سروس رولز وفاقی قانون کے تحت مقرر کردہ کم از کم پیشہ ورانہ معیار کو ختم نہیں کر سکتے۔ پی ایم ڈی سی کے ضوابط کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ 2022 کے تحت قانونی حیثیت حاصل ہے، لہٰذا تدریسی عہدوں پر تقرری کے لیے مقررہ قابلیت اور تجربے کے معیار پر عمل درآمد ضروری ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق محکمہ صحت نے 22 اکتوبر 2025 کو اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کی آٹھ آسامیوں پر ابتدائی بھرتیوں کے لیے اشتہار جاری کیا تھا۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ اشتہار میں ایسے امیدواروں کو بھی بھرتی کے لیے اہل قرار دیا گیا جن کے پاس مطلوبہ تجربہ موجود نہیں تھا، جبکہ یہ شرائط پی ایم ڈی سی کے 2025 کے ضوابط سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ پی ایم ڈی سی نے 27 فروری 2025 کو نئے ضوابط جاری کیے تھے، جن کے تحت اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری سمیت تدریسی عہدوں پر تقرری کے لیے اہلیت اور تجربے کا معیار مقرر کیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کا اشتہار متضاد اہلیتی شرائط کی حد تک غیر قانونی ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کی ابتدائی بھرتیوں اور ترقیوں کا مقررہ کوٹہ برقرار رہے گا، تاہم بھرتیوں کا عمل پی ایم ڈی سی کے ضوابط کے مطابق مکمل کرنا ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے