لاہور ( پنجاب پوسٹ ) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پنجاب پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے تحفظ، دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے عظیم سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 1743 بہادر افسران اور اہلکاروں نے اپنے آج کو قوم کے محفوظ کل کے لیے قربان کیا۔ انہوں نے شہداء کی ماؤں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں اور یومِ شہدائے پولیس دراصل ان عظیم قربانیوں سے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔
عبدالکریم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء پولیس کے اہلِ خانہ کی بہترین ویلفیئر اور دیکھ بھال ان کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؑ کی سکیورٹی مصروفیات کے باعث یومِ شہدائے پولیس کی تقریبات آج کے بجائے کل 5 اگست کو انتہائی عقیدت و احترام سے منعقد کی جائیں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی، جبکہ مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سینئر پولیس افسران شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔












