لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزازیہ پروگرام کے تحت صوبے بھر کے رجسٹرڈ آئمہ مساجد کو ماہانہ مالی معاونت کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جنوری 2026 سے پنجاب بھر میں رجسٹرڈ امام مسجد صاحبان کو ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ ادا کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب نے اس پروگرام کے لیے 21 ارب روپے مختص کیے ہیں، جبکہ جنوری 2026 سے اب تک رجسٹرڈ آئمہ مساجد کو 9 ارب روپے سے زائد اعزازیہ ادا کیا جا چکا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق نئے مالی سال 2026-27 کے لیے پروگرام سے متعلق تمام ضروری دستاویزی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد اعزازیہ کی ادائیگی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 69 ہزار سے زائد رجسٹرڈ امام مسجد صاحبان کو خصوصی اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے ماہانہ اعزازیہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ادائیگی کا نظام باعزت، آسان، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ مستحق آئمہ کو بروقت رقوم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ معزز امام مسجد صاحبان مذہبی ہم آہنگی، امن اور معاشرتی فلاح کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور حکومت ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازیہ پروگرام کو مؤثر انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔













