میاں چنوں ( پنجاب پوسٹ ) قومی ہیرو اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم گلاسکو سے وطن واپس پہنچ گئے، جہاں میاں چنوں آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حالیہ کارکردگی پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے حوصلہ ہارا ہے لیکن انہوں نے خود کبھی حوصلہ نہیں ہارا۔ انہوں نے بتایا کہ گلاسکو میں شدید سردی کے باعث ان کا جسم ٹھٹھر گیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی تھرو متاثر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقابلے کے دوران چند چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہوئیں جن سے سبق سیکھا ہے اور آئندہ انہیں نہیں دہرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مائیکل سمتھ کون ہیں؟ قومی ٹیم کو کب جوائن کریں گے؟
اولمپک چیمپئن نے کہا کہ اگر ان کی کارکردگی سے پاکستانی قوم مایوس ہوئی ہے تو وہ اس پر افسوس کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ ارشد ندیم نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منفی تبصرے انہیں تکلیف پہنچاتے ہیں، تاہم وہ اپنی توجہ محنت اور کھیل پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور آنے والے بین الاقوامی ایونٹس میں بہترین کارکردگی دکھا کر پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔












