لاہور (پنجاب پوسٹ) حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں سیوریج نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے لیے سیٹلائٹ امیجنگ اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے جامع سیوریج ماسٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے تمام شہروں کے سیوریج نیٹ ورک، ڈرینز اور آبی گزرگاہوں کی جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی کی جائے گی۔
اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق اور ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر قیصر رضا نے منصوبے پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز گوجرانوالہ سے کیا جائے گا، جہاں مخصوص ڈرونز اور جی آئی ایس ماہرین سیوریج نظام کا ڈیجیٹل نقشہ اور ماسٹر پلان تیار کریں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے سے ممکنہ سیلابی صورتحال، واٹر مینجمنٹ اور سیوریج نظام سے متعلق بروقت اور مؤثر فیصلہ سازی میں مدد ملے گی، جبکہ ڈرینز اور آبی راستوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی ممکن ہو سکے گی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ پنجاب واسا میں خصوصی جی آئی ایس سیل قائم کیا جائے اور پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کی روشنی میں اس منصوبے کو مرحلہ وار دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سائنسی طریقوں سے اربن فلڈنگ جیسے مسائل کا مؤثر حل نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو بہتر سیوریج سہولیات فراہم کرنے اور بارشوں کے دوران نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔













