لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس میں ملتان۔وہاڑی اور لودھراں۔کہروڑ پکا روڈ منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام، اراضی کے حصول، ڈرین کی تعمیر اور باقی ماندہ سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اراضی کے حصول اور دیگر تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے لیے 920 ملین روپے درکار ہیں، جبکہ میلسی۔وہاڑی روڈ فیز ٹو کے پارٹ بی اور پارٹ سی پر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پارٹ بی میں 3.34 کلومیٹر کارپٹ، سب بیس، بیس کورس، اے بی سی اور اسفالٹک وئیرنگ کورس مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ 14 میں سے تمام 14 کلورٹس مکمل ہو چکے ہیں اور میڈین و ڈرین کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ اسی طرح پارٹ سی میں 7 کلومیٹر کارپٹ، سب بیس، بیس کورس اور اے بی سی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ اسفالٹک وئیرنگ کورس کا 4 کلومیٹر حصہ مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام تیزی سے جاری ہے۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کر کے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر مرحلے پر اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اسفالٹک وئیرنگ کورس، شولڈرز، روڈ فرنیچر، ٹف پیورز کی مضبوط تنصیب، معیاری کمپیکشن اور آبادی والے علاقوں میں ڈرین کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام رکاوٹیں فوری دور کر کے جنوبی پنجاب کے اہم روڈ منصوبے عوام کے لیے جلد مکمل کیے جائیں۔












