پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی خطرات، کس دریا میں طغیانی، کہاں ہے معمول کے مطابق پانی؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں دریاؤں اور ندی نالوں کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے بعض مقامات اور چند ندی نالوں میں نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔ دوسری جانب دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں کالاباغ میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک اور چشمہ میں 2 لاکھ 76 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 2600 کیوسک ہے، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور وہاں پانی کا بہاؤ 1700 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔


ادارے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں سے مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں اور بچوں کو ہرگز پانی میں نہانے نہ دیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے