لاہور( پنجاب پوسٹ ) منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل منیجنگ ڈائریکٹرز راؤ تسلیم اختر اور زونا وحید بٹ سمیت ڈائریکٹر فنانس احمد سعید منج اور ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی بیوٹیفکیشن، شجر کاری، پارکس کی دیکھ بھال اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ہارٹیکلچر ادارے کا بنیادی فنکشن ہے اور لاہور کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے لاہور شہر کے 808 پارکس اور 1273 گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے، جن میں 5 اے پلس، 178 اے کیٹیگری، 311 بی کیٹیگری اور 314 سی کیٹیگری کے پارکس شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اب تک شہریوں میں 32 ہزار 566 مفت پودے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ایم ڈی نے ہدایت کی کہ شجر کاری کے دوران پھلدار پودوں کو بھی ترجیح دی جائے جبکہ طلبہ کو شجر کاری اور صفائی مہم میں بھرپور طریقے سے شامل کیا جائے۔
احمد عثمان جاوید نے زونز میں خراب پانی کی موٹروں کی فوری مرمت، "اڈاپٹ اے پارک” پروگرام کی حوصلہ افزائی، گلِ داؤدی نمائش کی بروقت تیاری اور مارچ میں سپرنگ فیسٹیول کے انعقاد کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے کے فیلڈ سٹاف کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کیپس اور جیکٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔













