لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے چہلم حضرت امام حسینؓ اور سالانہ عرس حضرت علی ہجویریؒ کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق پنجاب بھر میں قائم 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی سرویلنس، اسمارٹ الرٹس اور انٹیلیجنٹ ویڈیو اینالیٹکس کے ذریعے حساس مقامات، جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
لاہور میں مرکزی جلوسوں، مجالس اور دیگر حساس مقامات پر 800 سے زائد جدید سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ تمام حساس مقامات اور پروسیشنز کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے اضافی پورٹیبل سمارٹ کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ سکیورٹی صورتحال پر ہر لمحہ نظر رکھی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں 44 مجالس اور 17 جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے سیف سٹی کنٹرول روم میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جو جدید ویڈیو اینالیٹکس اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی اسمارٹ الرٹ سسٹم کے ذریعے مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بروقت کارروائی کر سکیں۔
سالانہ عرس حضرت علی ہجویریؒ کے موقع پر بھی زائرین کی حفاظت کے لیے جدید سرویلنس سسٹم اور اسمارٹ مانیٹرنگ کو فعال رکھا گیا ہے۔ سیف سٹی ہیڈکوارٹر لاہور میں پولیس کمیونیکیشن افسران، ٹیکنیکل ماہرین اور مانیٹرنگ ٹیمیں چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دے رہی ہیں تاکہ سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔
ترجمان سیف سٹی نے مزید بتایا کہ سیف سٹی ریڈیو ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی تازہ صورتحال، بند اور متبادل راستوں سے متعلق بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔













