لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور کے تھانہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کی حدود میں پولیس کانسٹیبل کے گھر ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پانچ مسلح ملزمان زبردستی گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور اسلحے کے زور پر تشدد کا نشانہ بنا کر لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مدعی کانسٹیبل سید احسن نے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سات لاکھ روپے نقد، تقریباً سترہ لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور چار لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون لے گئے۔
دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے ملزمان کو ملتان سے گرفتار کر لیا ہے، تاہم ان کی گرفتاری کو تاحال ظاہر نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔
ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایس پی صدر شاہ رخ کی ہدایت پر تھانہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں بوگس مقدمہ درج کیا گیا، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔













