لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق جون کے مقابلے میں جولائی کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں 22 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف جاری سخت کریک ڈاؤن اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق بڑھتا ہوا شعور ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ 6 لاکھ 76 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جن میں 2 لاکھ 41 ہزار سے زائد فریش لرننگ لائسنس، 2 لاکھ 5 ہزار سے زائد ریگولر لائسنس، جبکہ 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی۔ اس کے علاوہ 3 ہزار 700 سے زائد انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ اور 1 ہزار 600 سے زائد گمشدہ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے بھی فائدہ اٹھایا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور ایسے ڈرائیوروں کے خلاف صوبہ بھر میں سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل کے ذریعے آسانی سے لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت بھی کارڈ والے لائسنس کے برابر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیت یافتہ اور لائسنس یافتہ ڈرائیوروں کی تعداد بڑھنے سے ٹریفک حادثات میں بھی کمی آئی ہے۔













