لاہور ( پنجاب پوسٹ )ٰ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن میں پارٹی کی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کی پرچی کے ذریعے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کشمیری مہاجرین نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کشمیری مہاجرین کی دس نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی مریم نواز شریف کی کارکردگی اور محنت کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوتے ہی آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاکستان اور پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے سفر کا آغاز کیا جائے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پونچھ ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہاں کے عوام بھی ترقی کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے شیر کے نشان پر مہر لگائیں گے۔











