لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فخر سے اپنی کارکردگی کا نعرہ لگاتے ہیں اور دیگر سیاسی جماعتیں بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے آئیں۔
بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم بھرپور محنت سے پنجاب کی ترقی کو مزید مثالی بنائے گی، جبکہ خدمت کی سیاست ہی مسلم لیگ (ن) کا عزم ہے اور دنیا پنجاب میں ترقی کے نئے ریکارڈ بنتے دیکھے گی۔
صوبائی وزیر نے اپنے حلقے میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر اہلِ حلقہ نے سڑکوں، گلیوں کی تعمیر اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی پر بلال یاسین کا شکریہ ادا کیا۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ ان کا حلقہ انتخاب ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ عمر بھر عوام کی خدمت کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل، قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی حمایت اور حکومت کی کوششوں سے عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کیونکہ شہریوں کی دہلیز پر مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کی بنیادی پالیسی ہے۔











