لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت میں بہتری کی کاوشوں کو عالمی سطح پر اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں سروسز ہسپتال لاہور کے شعبہ نیورالوجی کو فالج کے مریضوں کے علاج میں نمایاں کارکردگی پر ڈائمنڈ ایوارڈ فار ایکسی لینس اِن سٹروک کیئر سے نوازا گیا ہے۔
ورلڈ سٹروک آرگنائزیشن (WSO) اور یورپین سٹروک آرگنائزیشن (ESO) کے اشتراک سے چلنے والے اینجلز انیشی ایٹوکی جانب سے دیا جانے والا یہ اعزاز سروسز ہسپتال کے سٹروک ایمرجنسی سنٹر کو عالمی معیار کے مطابق بروقت اور مؤثر علاج فراہم کرنے پر دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ سروسز ہسپتال پبلک سیکٹر کا پہلا پاکستانی ادارہ بن گیا ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا۔
ترجمان کے مطابق عالمی معیار کے مطابق فالج کے مریضوں کو فوری علاج، جدید طبی سہولیات اور بہترین ڈور ٹو نیڈل ٹائم کی بنیاد پر سروسز ہسپتال کو ڈائمنڈ ایوارڈ دیا گیا، جبکہ سٹروک سنٹر کو مریضوں کی بروقت نگہداشت اور علاج کے حوالے سے بھی سراہا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر پرنسپل سمز، شعبہ نیورالوجی کے سربراہ اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ صرف ایک سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ بروقت علاج اور جدید طبی سہولیات کے ذریعے بچائی جانے والی ہزاروں قیمتی جانوں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال کا دنیا کے بہترین سٹروک سنٹرز کی صف میں شامل ہونا پنجاب کے لیے تاریخی کامیابی ہے، جبکہ حکومت صوبے میں فالج کے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے اور سٹروک کیئر کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے مشن کو جاری رکھے گی۔











