لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں واسا سروسز کے دائرۂ کار کو اضلاع سے بڑھا کر تحصیل سطح تک توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق واسا ایجنسیاں اب صرف ضلعی ہیڈکوارٹرز تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ صوبے کی 99 تحصیلوں تک اپنی خدمات فراہم کریں گی۔ اس اقدام کا مقصد شہری علاقوں میں کامیاب فلڈ مینجمنٹ کے تجربے کو دیہی علاقوں تک بھی وسعت دینا اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام تحصیلوں میں واسا سروسز کی فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت ڈی سلٹنگ مہمات، جدید سیوریج پلاننگ اور ڈسپوزل کے نظام کو بھی مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا تاکہ بارشوں کے دوران پانی کے نکاس کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی مہمات بھی چلائی جائیں گی، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے ذریعے بھی نکاسیٔ آب اور صفائی سے متعلق پیغامات عام کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق واسا سروسز کی توسیع سے دیہی آبادیوں کو بھی جدید شہری سہولیات میسر آئیں گی اور نکاسیٔ آب کا نظام مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔ اس منصوبے سے متعلق سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔













